Latest Post

Monday, 16 February 2015

روشن خیالی کیا ہے؟

تحریر: صبغت وائیں


میری روشن خیالی اور انقلاب فرانس کے تعلق والی پوسٹ پر سوال ہے کہ:
1۔ " جس قوم میں ابھی جمہوریت کا شعور نہیں آپ وہاں انقلاب لانے کی بات کررھے ہیں"
اور
2۔ "انقلاب جن لوگوں کی ضرورت ہوتا ھے اگر انہیں اس کا شعور نہ ہو تو اقلیت کا لایا ہوا انقلاب کسی ڈکٹیٹرشپ سے کم نہیں ہوتا۔"
انتہائی مختصر لفظوں میں بات کریں تو؛
1۔ اس طرح کی باتیں مارکسزم سے انتہائی مختلف سوچ ہیں۔ کیوں کہ؛
2۔ مارکسزم ہر طرح کی "اصلاح پسندی" کو رد کرتے ہوئے انقلاب ہی کی بات کرتا ہے۔ دوستوں کو ہم سے مخالفت کا حق حاصل ہے، لیکن ہم اپنی بات پر کلیئر ہیں۔
3۔ ہم مارکس کی اس بات پہ کلیئر ہیں کہ انقلابی عمل کے ذریعے انقلابی سوچیں وجود میں آ سکتی ہیں، نہ کہ اس کے بر عکس۔
4۔ ہم جس جمہوریت میں 67 سال سے رہ رہے ہیں، اگلے 6000 سال بھی اسی طرح چلتی رہے گی اگر انقلابی عمل نہ کئے گئے تو۔
5۔ مارکسسٹ اس بات پر بھی کلیئر ہیں کہ انقلاب محنت کش طبقہ ضرورت اور ناگزیریت کی تحت لاتا ہے۔ وہی انقلاب کا ہراول دستہ ہوتے ہیں۔
6۔ محنت کش طبقہ کبھی اور کہیں بھی اقلیت میں نہیں ہوتا۔
7۔ "انقلاب جن لوگوں کی ضرورت ہے، انہیں اس کا شعور نہیں" فاشسٹ سوچ ہے۔ ہم محنت کش میں اس کا شعور مانتے ہیں، لیکن اس کی مادی ضروریات کو پورا کرنے کی دوڑ میں اس طرف نہ آنا بھی سمجھتے ہیں۔ اور ہم یہ بھی اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ محنت کش طبقے تاریخ میں کبھی کبھی نکلا کرتے ہیں۔ اور وہ دن ہی انقلاب ہوتا ہے۔
8۔ ہمارے نزدیک انقلاب سے پہلے "تمام تاریخی مدارج سے گزرنے کی شرط" لگانا سرمایہ داری کو قائم و دائم رکھنے کی کوشش کے جیسا ہی ہے۔ کیوں کہ برِ صغیر میں کبھی غلام داری نہیں آئی، تو پہلے اس کا بندوبست کرنا پڑے گا؟
9۔ انقلاب کا لفظ ہی اس بات کو واضح کر دیتا ہے کہ یہ "ایک دم سے یکسر تبدیلی" جیسی چیز ہو گی، مسلسل اور بتدریج والی نہیں۔ تو جس بات کے ہم قائل ہی نہیں، اس پر ہم کیسے چل سکتے ہیں؟
10۔ اگر ہم واپس بحث کے موضوع پر آ جائیں تو ہمیں معلوم ہو جائے گا کہ ہم اصل موضوع سے کس قدر دور ہٹ کر ٹامک ٹوئیاں مارنے لگ گئے ہیں۔
فرانس کی روشن خیالی انقلابی تھی، اور انقلاب لے کر ہی آئی تھی۔ وہاں کا معاشرہ ذہنی طور پر ہم سے قطعاً آگے نہیں تھا۔ آٹھ دن تک گلوٹین چلا کر سر اتارنا کوئی عقلمندی کی بات نہیں کہی جا سکتی۔
میرے کہنے کا صاف مطلب یہی ہے کہ "روشن خیالی" کی حمایت کریں تو اس کے انقلابی اقدامات کا ذکر بھی کریں اور اسے سراہیں بھی۔ ورنہ سیدھی طرح روشن خیالی کی مخالفت کریں۔
روشن خیالی ایک دم سے انقلاب لے کر آئی تھی، ساری ترقی بعد میں ہوئی۔ یہ نہیں کہ پہلے "اس چیز کا شعور آ لے" پھر "ابھی اس بارے میں عوام باشعور ہو جائے" وغیرہ جیسی باتوں کا انتظار کیا گیا تھا۔
یہ بات ہمیں مارکس کے فیورباخ پر تیسرے تھیسس کی طرف لے جاتی ہے:
’’مادی فلسفے کی یہ تعلیم کہ لوگ محض ماحول اور اپنی تربیت یا اٹھان کی ہی پیداوار ہوتے ہیں، چنانچہ بدلے ہوئے لوگ دراصل مختلف ماحول اور مختلف تربیت کا نتیجہ ہوتے ہیں، یہ تعلیم اس بات کو بھول جاتی ہے کہ حالات یا ماحول کا بدلا جانا بھی تو لوگوں کے ہی دم سے ہوتا ہے، اور یہ کہ جو تربیت دیتے ہیں انہیں خود بھی تو تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ مادی فلسفے کی یہ تعلیم چارو ناچار اس نوبت کو پہنچ جاتی ہے کہ معاشرہ کو دو حصوں میں بانٹ دے، جس کا ایک حصہ پورے سماج سے بلند و برتر ہو، ماحول کا اور انسانی سرگرمی کا بیک وقت بدلتے رہنا تب ہی سوچا جا سکتا ہے اور معقولیت کے ساتھ سمجھا جا سکتا ہے، جب ہم اسے ایسے عمل کی صورت میں دیکھیں جو انقلاب لاتا رہتاہے۔‘‘
اس کا سیدھاسادہ مطلب یہی ہے کہ اپنی سوچ کو انقلابی بنانے کے لئے معاشرے کو انقلابی بنانا ہوگا۔
ہمارے دیسی لبرل لوگوں کو ایک مغالطے میں مسلسل مبتلاء کرنے کی کوشش میں ہیں۔ وہ یہ ہے کہ یہ "روشن خیالی" ( یا خرد افروزی) کے نمائندے ہیں۔ یہ ریشنلسٹ ہیں، یا ایمپیری سسٹ ہیں، ماڈرنسٹ یا پوسٹ ماڈرنسٹ ہیں، یا پریگمٹسٹ ہیں یا پھر یہ کہ یہ لوگ پلورلسٹ ہیں وغیرہ۔ ۔ ۔ ان کے اس طرح کے فلسفے بھی ڈیڑھ سو سے زیادہ ہیں، اور ان میں سے ہر ایک بندہ اس طرح کے ساٹھ ستر عقل دشمن فلسفے جیب میں لئے پھرتا ہے۔
غور کرنے کی بات یہ ہے کہ روشن خیال یا خرد افروزی اپنے وقت کی ضرورت تھی۔ اب یہ پرانی بات ہو چکی ہے۔ پھر بھی ایک بات واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ کہ خرد افروزی کی تحریک جس میں والتیئر، روسو اور دیدیرو کا نام آتا ہے اس کے بارے میں یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ یہ تحریک نظام کو تبدیل کرنے اور اسے جڑ سے اکھاڑنے کی تحریک تھی۔ اس تحریک کے نتیجے میں فرسودہ جاگیر داری نظام جڑ سے اکھاڑ پھینکا گیا تھا، جس کی جگہ اپنے وقت کا نیا اور ترقی یافتہ سرمایہ دارانہ نظام باقاعدہ ایک انقلاب کے ذریعے لایا گیا تھا۔
ہمارے آج کے لبرلز کا ایسا نہ کوئی نظریہ ہے، نہ ان کے ایجنڈے میں ایسی بات ہے، نہ ان کو اس بات سے کوئی دلچسپی ہے۔
اس بات پر بحث ہوتی رہنی چاہیئے۔ کہ یہ والی "روشن خیالی" ہے کیا؟
اور یہ کس نظام کے لئےہے؟

Post a Comment

 
Back To Top